پاکستان میں عیدالفطر بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے ملک کے مختلف شہروں لاہور گوجرانوالہ اسلام آباد پشاور سمیت دیگر شہروں میں عید الفطر کی نماز کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں سیاسی شخصیات، غیرملکی سفیروں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے نماز عید ادا کی۔

کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نماز عید گورنر ہاؤس میں ادا کی جبکہ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے عزیز آباد میں نماز عید ادا کی۔

لاہور کی مسجد داتا دربار میں نماز عید الفطر کا بڑا اجتماع ہوا جس میں ملکی سلامتی ، خوشحالی اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں۔

پشاور میں نماز عیدالفطر مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ادا کی گئی، چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا طیب قریشی نے نماز عید پڑھائی جبکہ شہر کی دیگر مساجد اور کھلے مقامات پر بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے جس میں ملک کی ترقی، فلسطینیوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں
ادھر گوجرانوالہ میں بھی دو سو سے زائد مقامات پر عیدالفطر کی نماز چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔
گوجرانوالہ سے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب عمر فاروق ڈار نے نماز عید مقامی عید گاہ میں ادا کی جبکے ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی گوجرانوالہ عبدالوحید ڈار نے نماز عید کی ادائیگی اپنے آبائی علاقے ڈیرہ سپرانوالہ میں ادا کی