وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا سعودی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نور خان ایئر بیس پر سعودی وفد کا استقبال کیا۔

اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مثبت تحریک دینا ہے۔

وفد میں سعودی وزیر برائے پانی و زراعت، وزیر صنعت و معدنی وسائل، نائب وزیر سرمایہ کاری، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ اور وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینئر حکام شامل ہیں۔

یہ دورہ بنیادی طور پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیر اعظم محمد بن سلمان کے درمیان مکہ مکرمہ میں ان کی حالیہ ملاقات کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے مفاہمت کو تیز کرنے کے لیے ہو رہا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں سے منسلک ہیں۔

پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

یہ دورہ دوطرفہ تعاون کو پائیدار اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے ایک مثبت تحریک دے گا۔

اس خبر کا مواد اور تصویر پاکستان کے سرکاری میڈیا ریڈیو پاکستان سے لی گئی ہے