پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلی مریم نواز نے آج پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس ریکروٹس کورس اور لیڈی ٹریفک اسسٹنٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی، لیڈی پولیس کانسٹیبلز اور ٹریفک اسسٹنٹ کے چاک و چوبند دستوں نے جنرل سلامی پیش کی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لیڈی پولیس کانسٹیبلز اور ٹریفک اسسٹنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی اہلکاروں میں انعامات و اعزازات تقسیم کئے۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جہاں بھی آپ کو ترقی نظر آئے گی اس پر نوازشریف یا شہبازشریف کا نام ہوگا نواز شریف کے دور کے ترقی کے ورثہ کو لے کر چلنے کی بہت بھاری ذمہ داری ہے
وزیر اعلی مریم نواز نے پاس آوٹ ہونے والی لیڈی کانسٹیبلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج پہلی بار پولیس کا یونیفارم پہن کر احساس ہوا کہ یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے مظلوم کی دادرسی اور ظالم کو کیفرکردار تک پہنچانا آپ کی ذمہ داری ہے
ان کا کہنا تھا کہ مجھے خواتین پولیس اہلکاروں کو وطن کی حفاظت پر مامور دیکھ کر ہمیشہ فخر محسوس ہوا ہے معاشرے میں انصاف کا قیام ضروری ہے جہاں انصاف نہیں ہو وہ معاشرے بگڑ جاتے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ آج پہلی خاتون پولیس اہلکار کو اعزازی شمشیر عطا کی گئی
آئی جی پنجاب سے کہا ہے کہ 7 ہزار خواتین پولیس اہلکار کم ہیں اس تعداد میں اضافہ ہونا چاہیے۔