کراچی 13جنوری (ویب ڈیسک)نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں دو وکٹوں سے ہرا کر تین ایک روزہ میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 281 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 49 ویں اوور میں پورا کر لیا۔
جمعے کو کراچی میں کھیلے گئے میچ میں گلین فلپس 63، کین ولیمسن 53 اور ڈیون کانوے 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کے سلمان آغا اور محمد وسیم نے دو، دو، جبکہ اسامہ میر اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں فخر زمان کے 101، محمد رضوان کے 77 اور آغا سلمان کے 45 رنز کی بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے تین اور لوکی فرگوسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کی اننگز281رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنر میدان میں اترے تو ان بلیک کیپس کو پہلا جھٹکا اس وقت لگا جب فِن ایلن 25 کے انفرادی سکور پر متبادل فیلڈر طیب طاہر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد کین ولیمسن میدان میں آئے اور ڈیون کونوے کے ساتھ 63 رنز کی شراکت داری بنائی۔ کونوے جن کی گزشتہ میچ میں سینچری نے نیوزی لینڈ کو فتح دلائی تھی، اس میچ میں بھی انہوں نے 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور آغا سلمان کی گیند پر شان مسعود کو کیچ تھما بیٹھے۔ان کے بعد ڈیرل مچل آئے لیکن وہ 31 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کین ولیمسن نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ رن آؤٹ ہوئے۔ مائیکل بریسویل ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ اسامہ میر نے انہیں سات رنز پر بولڈ کر دیا۔
ٹام لیتھم بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 16 رنز بنانے کے بعد محمد وسیم کے ہاتھوں کیلن بولڈ ہو گئے۔ اسی طرح چھٹے نمبر پر آنے والے مچل سینٹنر بھی 15 رنز کے بعد محمد نواز کا شکار بنے۔ اِش سوڈھی کوئی رن بنائے بغیر محمد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں اور امام الحق اور نسیم شاہ کی جگہ شان مسعود اور محمد حسنین کو شامل کیا گیا تھا۔
دوسرے ون ڈے میں بلیک کیپس نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دی تھی جبکہ پہلا میچ گرین شرٹس نے چھ وکٹوں سے جیتا تھا۔


GIPHY App Key not set. Please check settings